سوانح حیات قاضی غلام مصطفیٰ عباسی چشتی نظامی رحمۃ اللّٰہ علیہ
تحریرمحمد اشرف چشتی ملک وال منڈی بہاؤالدین |
اللہ تعالیٰ جل جلالہ کے انعام یافتہ بندوں کی تعداد ہر زمانے میں کثیر رہی ہے۔جنہوں نے ہمیشہ بنی آدم کا رب کریم سے ٹوٹا ہوارشتہ جوڑے کے لئے مساعئ جمیلہ کی ہے۔ .
ان پاکباز بندگان خدا میں ایک عظیم نام عظیم علمی و روحانی شخصیت پیر طریقت قاضی غلام مصطفیٰ عباسی چشتی نظامی رحمۃ اللّٰہ علیہ کا ہے جو بیک وقت عظیم روحانی شخصیت ، جیداور مستند عالم دین ، مصلح ،ہر دلعزیز خطیب ، قادرالکلام شاعر ، ماہر مدرس اور مصنف تھے۔
آپ کی ولادت 1905ء میں بڑوھا شریف تحصیل مری ضلع راولپنڈی کے عظیم علمی اور روحانی عباسی گھرانے کے اندر ہوئی آپ کے والد گرامی اسم مبارک حضرت خواجہ سید امیر عباسی چشتی نظامی تھا جو معروف علمی،روحانی شخصیت خواجہ دین محمد بڑوھی خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ جلال پور شریف کے چھوٹے بھائی تھے ۔ آپ نے ابتدائی دینی تعلیم اپنے گھرانے کے بزرگوں سے حاصل کی اور بعد ازاں انھے شریف ضلع گجرات استاذالعلماء مولانا غلام رسول سے درس نظامی کی تکمیل فرمائی ۔آپ امیر حزب اللہ پیر سید محمد فضل شاہ جلال پوری رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ کے حکم سے آھلہ شریف موجودہ ضلع منڈی بہاوالدین خدمت دین کا فریضہ سرانجام دیتے رہے ۔جہاں کثیر علماء مشائخ نے آپ سے علمی و روحانی فیوض و برکات حاصل کئے۔
آپ کی پہلی شادی 1935ءمیں بڑوھا شریف تایا جان خواجہ دین محمد عباسی چشتی نظامی کی صاحبزادی سے ہوئی اللہ کریم نے ایک بیٹا اور ایک بیٹی عطا فرمائی۔ بیٹا فخرالدین محمدانور کا 17 سال کی عمر میں یکم نومبر 1957ء بمطابق 8ربیع الثانی 1377ھ کو انتقال ہو گیا جبکہ صاحبزادی کا نکاح خواجہ دین محمد بڑوھی کے پڑپوتے اور جانشین خواجہ ڈاکٹر قاضی مسعود الزمان چشتی سے ہوا جو کہ دونوں بقید حیات ہیں ۔
اپ کی دوسری شادی پانڈووال گاؤں ضلع منڈی بہاوالدین کی علمی و روحانی شخصیت مولانا غلام محمد نقشبندی خلیفہ مجاز میاں شیرمحمدشرقپوری کی صاحبزادی سے ہوئی جن سے ایک صاحبزادہ محمد یاسر عباسی چشتی موجودہ سجادہ نشین دربار عالیہ چشتیہ نظامیہ اہلہ شریف اور دو صاحبزادیاں اللہ کریم نے عطا فرمائیں۔ آپ کو خواجہ دین محمد بڑوھی عباسی چشتی نظامی نے خرقہ خلافت اوراجازت بیعت عطا فرمائی۔
آپ مختلف علاقہ جات میں بطور مبلغ امیرحزب اللہ حضرت پیرسیدمحمدفضل شاہ رحمۃ اللّٰہ علیہ کے ساتھ تبلغی دوروں پر تشریف لے جاتے۔آپ 1963ء میں درگاہ مقدسہ جلال پور شریف حضرت امیرحزب اللہ رحمۃ اللّٰہ علیہ کے حکم پر خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے رہے ۔
آپ کا وصال 12 فروری 1986ء بروزبدھ بمطابق 2 جمادی الثانی 1406ھ کو اھلہ شریف میں ہوا اہلہ شریف ضلع منڈی بہاوالدین میں آپ کا مزار پر انوار مرجع خلائق ہے آپ کا عرس مبارک 16,17 دسمبر بروز ہفتہ اتوار صاحبزادہ پیر محمد یاسر عباسی چشتی نظامی سجادہ نشیں کی زیر سرپرستی منعقد ہو رہا ہے۔
0 Comments